پاکستان: نیٹو کے ٹرکوں پر جنگجوؤں کا حملہ

پاکستان: نیٹو کے ٹرکوں پر جنگجوؤں کا حملہ


پاکستان میں پولیس نے کہا ہے کہ جنگجوؤں نے ملک کے جنوب میں سامانِ رسد لے جانے والے نیٹو کے ٹرکوں پر حملہ کرکے کم سے کم تین افراد کو زخمی کردیا۔

پولیس کے عہدے دار محمد علی نے کہا ہے کہ جنگجوؤں نے یہ حملہ، جمعرات کے روز کراچی کے باہر ایک بڑی شاہراہ پر کیا۔ انہوں نے نیٹو کے تین ٹرکوں پر اس حملے میں بندوقیں اور دستی بم استعمال کیے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ ٹرک ہمسایہ ملک افغانستان میں نیٹو کی فوجوں کے لیے سامانِ رسد لے کر جارہے تھے۔ حملے میں ٹرکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

طالبان جنگجو افغان سرحد کے قریب شمال مغربی پاکستان میں نیٹو کے لیے رسد لے جانے والے ٹرکوں پر متعدد حملے کرچکے ہیں۔

خشکی سے گھرے ہوئے افغانستان میں طالبان باغیوں کے خلاف نبرد آزما نیٹو اور امریکہ کے زیرِ قیادت اتحاد کی فوجوں کے لیے 75 فیصد سامانِ رسد پاکستان کے راستے افغانستان پہنچتی ہے۔