عمران فاروق قتل کیس: الطاف حسین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ڈاکٹر عمران فاروق (فائل فوٹو)

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی تفتیشی ادارے 'ایف آئی اے' کو حکم دیا ہے کہ وہ الطاف حسین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت اب 20 دسمبر کو ہو گی۔

پاکستان کی ایک عدالت نے سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے خود ساختہ جلاوطنی پر لندن میں مقیم بانی رہنما الطاف حسین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

یہ وارنٹ ایم کیو ایم ہی کے ایک سینئر راہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے مقدمۂ قتل کی بدھ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران جاری کیے گئے۔

عمران فاروق کو ستمبر 2010ء میں لندن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کردیا گیا تھا اور اس واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں سید محسن علی، خالد شمیم اور معظم علی نامی تین افراد اس وقت اسی جیل میں بند ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی تفتیشی ادارے 'ایف آئی اے' کو حکم دیا ہے کہ وہ الطاف حسین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت اب 20 دسمبر کو ہو گی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین اور بعض دیگر سینئر رہنماؤں پر عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ایف آئی اے نے 2015ء میں مقدمہ درج کیا تھا اور اُسی سال معظم، محسن اور شمیم کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

الطاف حسین 1990ء کی دہائی میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرکے برطانیہ چلے گئے تھے اور اس وقت سے لندن میں مقیم ہیں۔ ان کے پاس برطانوی شہریت بھی ہے۔

الطاف حسین اور ان کی جماعت کی دیگر سینئر قیادت عمران فاروق کے قتل میں کسی بھی طرح ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتی آئی ہے۔

چند سال قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کراچی کی بااثر ترین جماعت تصور کی جاتی تھی جس کی قیادت الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر کرتے تھے۔

لیکن گزشتہ سال اس جماعت اور اس کے بانی پر ملک دشمن عناصر سے رابطوں کے الزامات کے تحت سکیورٹی فورسز کی سخت کارروائیاں دیکھنے میں آئیں جب کہ الطاف حسین کی طرف سے لندن سے فون کے ذریعے کراچی میں اپنے کارکنوں سے کیے گئے خطاب میں ریاست مخالف اور نفرت انگیز الفاظ کے استعمال پر بھی شدید ردِ عمل ہوا تھا۔

کراچی میں موجود اس جماعت کے سینئر رہنماؤں نے بعد ازاں الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جماعت کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے طور پر متعارف کرایا۔