القاعدہ کا مبینہ کمانڈر گرفتار

مزیچ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا

پاکستان میں سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ القاعدہ کے ایک مبینہ اہم لیڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام نے اس الجیرین نژاد فرانسیسی شہری کا نام نامن میزیچ (Naamen Meziche) بتایا ہے۔

مغربی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں میں میزیچ کو یورپی جہادی گروپوں کے ساتھ رابطے رکھنے والے القاعدہ کے رکن کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ یہ اب تک پاکستان یا ایران میں مقیم رہا۔

اس شخص کو ایران کے ساتھ پاکستانی سرحدی علاقے سے گرفتار کیا گیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ گرفتاری کب عمل میں آئی۔

میزیچ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ستمبر گیارہ کو امریکہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں بھی شاید اس نے کوئی کردار ادا کیا اور القاعدہ کے ایک اور اہم لیڈر یونس الموریطانی کے ساتھ اس کے قریبی روابط تھے۔

یونس الموریطانی کو گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔