ملکی خود مختاری کا ہر قیمت پرتحفظ کریں گے: ایئر چیف

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان فضائیہ ملک کی تمام فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ہیڈ کوارٹرز ایئر ڈیفنس کمانڈ کا دورہ کیا اور فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔

فضائیہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد ائیر ڈیفنس کمانڈ کی مختلف تنصیبات کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ اورجائزہ لینا تھا۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان فضائیہ ملک کی تمام فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

فضائیہ کے سربراہ نے ’’کمبیٹ کریو‘‘ سے ملاقات کی اور کہا کہ ’’ہمیں پاک فضائیہ کی بھرپور آپریشنل تیاریوں کے لیے تندہی اور خلوص نیت سے کوششیں جاری رکھنی چاہیں۔‘‘

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اپنی علاقائی سالمیت اور ملکی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔

اگرچہ اس طرح کے دورے اور بیانات معمول کی بات ہیں لیکن امریکہ کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ کی موجودگی کے الزامات اور حال ہی میں کی جانے والی ایسی قیاس آرائیاں کہ شاید پاکستانی حدود میں کوئی کارروائی بھی ہو سکتی ہے، فضائیہ کے سربراہ کے بیان کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔

پاکستانی حکام کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ ملکی سالمیت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔