افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں، گیلانی

افغان صدر حامد کرزئی نے جون کے وسط میں اسلام آباد میں وزیراعظم گیلانی سے ملاقات کی تھی (فائل فوٹو)

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن و استحکام کا خواہاں ہے اور افغانوں کی زیرقیادت مصالحتی عمل کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔

ہفتہ کو سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے وزیراعظم گیلانی سے ملاقات کی اور اُنھیں رواں ہفتے کابل میں پاکستان، افغانستان اور امریکہ کے سہ فریقی اجلاس کے علاوہ پاک افغان مشترکہ کمیشن کے ورکنگ گروپ کے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی خاطر بامقصد بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

رواں ہفتے کابل میں افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں سے مفاہمت اور قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے افغان، امریکی اور پاکستانی عہدے داروں کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے وفد کی سربراہی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کی۔

تینوں اتحادیوں کے درمیان مذاکراتی عمل کا بنیادی مقصد 10 برس سے جاری افغان جنگ کا سیاسی حل تلاش کرنا تھا۔ اس سہ فریقی اجلاس کے بعد افغانستان میں امن اور مصالحت کے لیے قائم پاک افغان کمیشن کے ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس بھی ہوا۔

اجلاس میں افغانوں کی زیر قیادت امن و مصالحت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے مختلف پہلوؤں کا اس تناظر میں جائزہ لیا گیا کہ اس عمل کو کیسے کامیاب بنایا جاسکے۔