جنرل راحیل شریف کا دورہ روس

جنرل راحیل شریف سے روس کی لینڈ فورسز کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سئیگوف نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی شعبے میں تعاون اور اعلیٰ سطحی فوجی رابطوں پر بات چیت کی۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف تین روزہ دورے پر روس میں ہیں جہاں اُنھوں نے میزبان عسکری قیادت سے ملاقات میں دو طرفہ فوجی روابط پر بات چیت کی۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیٹر‘ پر ایک بیان میں کہا کہ جنرل راحیل شریف سے روس کی لینڈ فورسز کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سئیگوف نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی شعبے میں تعاون اور اعلیٰ سطحی فوجی رابطوں پر بات چیت کی۔

حالیہ مہینوں میں روس اور پاکستان کے درمیان روابط میں اضافہ ہوا ہے۔

رواں سال اپریل میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے روس کا دورہ کیا تھا جس میں اُنھوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی شوئےگُو سے ملاقات میں ممکنہ مشترکہ فوجی مشقوں اور عسکری تربیت سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

گزشتہ سال روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئےگو نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ 2013ء میں ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان پہلے اسٹریٹیجک مذاکرات ہوئے تھے، جس میں سیاسی، معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی تھی۔