پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں امریکہ کردار ادا کرے

پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں امریکہ کردار ادا کرے

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے مذاکرات دوبارہ شروع کروائے۔

سردار عتیق احمد خان (فائل فوٹو)

نیو یارک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ کو چاہیے کہ نہ صرف پاکستانی اور بھارتی وزرائےخارجہ کی نیو یارک میں ملاقات کروائے بلکہ اگر دونوں ممالک کے وزیر اعظم امریکہ آ رہے ہوں تو ان کی بھی ملاقات کروائے۔

سردارعتیق نے کہا کہ عالمی برادری کی توجہ پاکستان اور بھارت کی بات چیت دوبارہ شروع کروانے پر ہونی چاہیے۔ لیکن اس بات چیت میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے۔

بروکلین میں مسلم کانفرنس کے دیے گئے عشائیے میں شرکت کے لیے آئے کشمیری رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر براک اوباما کھلے عام چاہے بیان نہ دیں لیکن یہ ممکن نہیں کہ اپنے متوقع دورہ بھارت میں کشمیر کی اس قدر سنگین صورتحال پر بھارتی وزیر اعظم سے بات نہ کریں۔

بدھ کو آرگنائزیشن آف مسلم کانفرنس کے کشمیر رابطہ گروپ کی میٹنگ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے سردار عتیق احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی سوچ کشمیریوں کے حق میں ہے۔

آزادی کو ایک اٹل حقیقیت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اب چوتھی نسل میں داخل ہو گئی ہے اور اپنے منطقی انجام تک پہنچے بغیر دم نہیں لے گی۔