پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بھارت کے ساتھ تعاون کی پیشکش کو دہرایا ہے۔
نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن سے منگل کو جاری ہونے والے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور پاکستان اس کے انسداد کی مہم میں پیش پیش رہا ہے۔
’’پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر اتفاق ہو چکا ہے کہ ... دہشت گردی کے خلاف تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان اس ضمن میں تعاون کی پیشکش کی تجدید بھی کی ہے۔‘‘
بیان میں مزید وضاحت نہیں کی گئی ہے مگر یہ بھارتی پولیس کی جانب سے ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ایک اور شخص کی گرفتاری کے اعلان کے ایک روز بعد جاری کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مشتبہ شخص کا نام زبی الدین عرف ابو حمزہ ہے جس کا تعلق کالعدم انتہاپسند تنظیم لشکر طیبہ سے بتایا جاتا ہے۔