کرائسٹ چرچ میں جمعرات کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 103رنز سے ہرا کر تیسرا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ جیت لیا۔ ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس کے ابتدائی بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سات اوورز میں 80رنز بنائے۔
بعد میں آنے والے کھلاڑی کوئی قابل ذکر کھیل پیش نہ کرسکے۔ تاہم عبدالرزاق نے آخری تین اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے گیارہ گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے جم کر نہ کھیل سکی اور اس کے چار کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 80 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے چار، عبدالرزاق نے تین،تنویر احمد اور عبدالرحمن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیا ں کی گئی ہیں۔شعیب اختر اور عمر گل کی جگہ اس میچ میں تنویر احمد اور عبدالرحمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
میزبان ٹیم پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کو شکست دے کرے سیریز اپنے نام کرچکی ہے۔