پاکستان کی جلال آباد میں بم حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی سے کامیابی کے ساتھ لڑنے کے لیے پاکستان بخوشی افغانستان کو کسی بھی طرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں ہونے والے مہلک خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے جس کے خلاف جنگ جاری ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی سے کامیابی کے ساتھ لڑنے کے لیے پاکستان بخوشی افغانستان کو کسی بھی طرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس طرح کے تشدد کے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف حکومت کا عزم کمزور نہیں ہو گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گردی اور اُن کے حامیوں کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

پاکستانی وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اس خطے سے دہشت گردی کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا ہے اور ایک موثر حکمت عملی کے ذریعے اُن کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا۔

اُدھر وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق کسی بھی طرح کے حالات میں معصوم شہریوں کو ایسے بزدلانہ حملوں سے نشانہ بنانےکا کوئی جواز نہیں۔