بلوچ رہنما شاہ زین بگٹی کی ضمانت منظور

بلوچ رہنما شاہ زین بگٹی کی ضمانت منظور

بلوچستان ہائی کورٹ نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر شاہ زین بگٹی اور اُن کے ساتھیوں کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔

انھوں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت اور بعدازاں سیشن کورٹ کی طرف سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور پیر کے روز جج محمد نور مسکان زئی نے شاہ زین بگٹی اور ان کے 27ساتھیوں کوضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

بلوچستان کے قوم پرست مقتول رہنما نواب اکبر بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی 22دسمبر کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چمن سے کوئٹہ آرہے تھے جب اُنھیں بلیلی چیک پوسٹ کے قریب ایف سی کے اہلکاروں نے روکا اور پولیس حکام کے مطابق ان کی گاڑیوں سے خطرناک اسلحہ اور دستی بم برآمد ہونے پر شاہ زین اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

جمہوری وطن پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ جماعت کے رہنما کو بدنام کرنے کی کوشش تھی اور تمام اسلحہ قانونی تھا۔ پارٹی کے ایک ترجمان کے بقول حکام نے یہ اقدام ان کی جماعت کی طرف سے 28جنوری کو اعلان کردہ ریلی کو روکنے کے لیے کیا ہے۔

جموری وطن پارٹی کے صوبائی صدر شاہ زین بگٹی نے اعلان کررکھا ہے کہ وہ رواں ماہ بگٹی قبیلے کے افراد کے ہمراہ ایک قافلے کی صورت میں اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی جائیں گے۔