پاکستان کو کثیر الجہت خطرات کا سامنا ہے: آرمی چیف

جنرل راحیل شریف نے یہ بیان سونمیانی رینج میں فضائی دفاع سے متعلق مشقوں کا جائزہ لینے کے موقع پر دیا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کو کثیر الجہت سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا ضروری ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ایک بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے یہ بیان سونمیانی رینج میں فضائی دفاع سے متعلق مشقوں کا جائزہ لینے کے موقع پر دیا۔

ان مشقوں میں فضائی دفاع سے متعلق تمام ہتھیاروں بشمول گنز، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کا تجربہ کیا گیا۔

جمعہ کی شب جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے مشقوں میں شریک افسران و جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور تیاری کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں اگرچہ فوج کے سربراہ کے اس بیان سے متعلق مزید وضاحت نہیں کی گئی کہ پاکستان کو کس طرح کے کثیر الجہتی سکیورٹی خطرات درپیش ہیں۔

تاہم اس سے قبل رواں ہفتے کے اوائل میں جنرل راحیل شریف نے پاکستانی فوج کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے غازی میں مرکز کے دورے کے موقع افسران و جوانوں سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دوچار ہے۔

جنرل راحیل شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے ادارے کے ’وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔‘