اردن سے خریدے گئے ایف سولہ طیارے فضائیہ میں شامل

فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کے ملنے سے فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
اردن سے خریدے گئے استعمال شدہ لڑاکا طیارے ’ایف سولہ‘ بدھ کو پاکستان فضائیہ میں شامل کر لیے گئے اور اس مناسبت سے سرگودھا میں ’مصحف ائیر بیس‘ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اُن کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں فضائیہ کا ایک اہم کردار ہے۔

فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کے ملنے سے فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میدان جنگ اور دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی بری اور فضائی افواج مشترکہ تعاون کے عزم پر قائم ہیں۔

فضائیہ کے مطابق قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کو مد نظر رکھتے ہوئے ان استعمال شدہ طیاروں کو خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستانی فضائیہ کے مطابق ان طیاروں کے حصول سے نا صرف ملکی فضائی سرحدوں کا دفاع مضبوط ہو گا بلکہ یہ ہوابازی کی تربیت کے لیے بھی بہتر طور پر کارآمد ثابت ہوں گے۔