افغانستان، پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے

افغانستان، پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے شمالی صوبوں اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، وفاق کےزیرِ انتظام قبائلی علاقوں، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات اور وسطی اور شمالی پنجاب میں محسوس کیےگئے۔

افغانستان کے شمالی اور پاکستان کے بالائی علاقوں میں پیر کی شام درمیانے درجے کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5ء5 ریکارڈ تھی۔

'یو ایس جیالوجیکل سروے' نے کہا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغان دارالحکومت کابل سے 280 کلومیٹر شمال مشرق میں و اقع صوبہ بدخشاں کے جنوبی کنارے پر زیرِ زمین واقع تھا۔

تاہم پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل عارف محمود نے زلزلے کی شدت 3ء6 بیان کی ہے جس کا مرکز پاک افغان سرحد کے نزدیک کوہِ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں 200 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

امریکی ادارے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے آیا جس کے جھٹکے بدخشاں میں 15 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے شمالی صوبوں اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، وفاق کےزیرِ انتظام قبائلی علاقوں، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات اور وسطی اور شمالی پنجاب میں محسوس کیےگئے۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کا کہنا ہے کہ بھارتی صوبوں ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب اور بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر سمیت شمالی ہند کے کئی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلے کا نشانہ بننے والے تینوں ممالک سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ تاہم زلزلے کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اورکئی شہروں میں لوگ گھروں سے نکل آئے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عموماً اتنی گہرائی میں آنے والے زلزلے کے 'آفٹر شاکس' محسوس نہیں کیے جاتے۔