اسامہ کا آڈیو پیغام جاری

اسامہ کا آڈیو پیغام جاری

القاعدہ نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے چند روز بعد ہی اُس کا ایک آڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

عسکریت پسند تنظیموں کے پیغامات پر نظر رکھنے والے امریکہ میں قائم ادارے ’سائٹ‘ کے مطابق پیغام میں بن لادن نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں آنے والے انقلابات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کے خیال میں ”تبدیلی کی یہ ہوائیں“ تمام مسلم دنیا میں پھیل جائیں گی۔

اپنے 12 منٹ کے پیغام میں القاعدہ کے رہنما نے مصر اور تیونس میں کامیاب بغاوت پر مسرت کا اظہار کیا۔ بن لادن نے ان انقلابات پر تبصرے کے علاوہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تجاویز بھی دیں۔

اسامہ بن لادن نے ان خطوں کے رہنماؤں پر الزام لگایا کہ اُنھوں نے اپنے آپ کو دیوتاؤں میں تبدیل کر لیا ہے اور اپنا اقتدار برقرار رکھنے کے لیے ذرائع ابلاغ کا استعمال کر رہے ہیں۔

امریکی اسپیشل فورسز نے دو مئی کو پاکستان کے فوجی چھاؤنی والے شہر ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی پناہ گاہ پر حملہ کرکے اُسے ہلاک کر دیا تھا۔