پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں کی بمباری اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں کم ازکم 20 سے زائد مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہفتہ کو اپر اورکزئی میں جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کرکے تین کو تباہ کردیا جب کہ اس دوران 13 عسکریت پسند مارے گئے۔
ایجنسی کے ایک اور علاقے خادیزئی میں شدت پسندوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز کی جھڑپ میں ایک جنگجو کمانڈر سمیت 10 شدت پسند ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔
اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف حالیہ مہینوں میں اپنی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔
پاکستان کے ان قبائلی علاقوں میں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں ہونےو الے جانی و مالی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔