پیپلز پارٹی کا جلسہ، عوامی شرکت کے ریکارڈ توڑنے کے دعوے

سکھر، لاہور، ملتان اور پشاور سے 22000 گاڑیوں اور چار ٹرینوں میں سوار لوگوں کا قافلہ کراچی پہنچے گا۔ اس قافلے کا استقبال چنیسر ہالٹ پر کیا جائے گا، جہاں سے بعد میں یہ لوگ باغ جناح پہنچیں گے

کراچی ۔۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی میں ہفتے کی شام ہونے والے جلسے اور ریلی میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی شرکت کی توقع ہے۔ پارٹی رہنماوٴں کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں عوامی شرکت کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

پارٹی رہنماوٴں شرجیل میمن، وقار مہدی، نجمی عالم اور تاج حیدر کا کہنا ہے کہ مزار قائد سے متصل باغ جناح میں ہونے والے جلسے میں ایک لاکھ 50افراد کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر نے بتایا کہ ’سکھر، لاہور، ملتان اور پشاور سے 22000 گاڑیوں اور چار ٹرینوں میں سوار لوگوں کا قافلہ کراچی پہنچے گا۔ اس قافلے کا استقبال چنیسر ہالٹ پرکیا جائے گاجہاں سے بعد میں یہ لوگ باغ جناح پہنچیں گے۔‘

ادھر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ، ’ریلی میں داخلے کے لئے دو اینٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ عام شہری سی بریز کی سائیڈ سے جلسہ گاہ میں داخل ہوسکیں گے جبکہ وی وی آئی پیز مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے داخل ہوں گے۔‘

شرجیل میمن صوبائی وزیر اطلاعات بھی ہیں۔ انہوں نے 18 اکتوبر کی ریلی اور جلسے کے حوالے سے ایک کانفرنس بھی منعقد کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 18اکتوبر 2007ء کو اپنی والدہ کی جانب سے ادھورے رہ جانے والے سیاسی سفر کو آگے بڑھائیں گے اسی لئے ریلی کا مقام کارساز ہی رکھا گیا ہے۔

18اکتوبر 2007ء پیپلز پارٹی کے لئے تاریخی دن کی حیثیت رکھتا ہے۔اس دن پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کئی سال کی جلاوطنی کے بعد پاکستان آرہی تھیں کہ کارساز پر ان کے قافلے کے نزدیک ایک زوردار دھماکا ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے 139 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 400 سے زیادہ افرادزخمی ہوئے۔

شرجیل میمن کے بقول جلسے اور ریلی کے لئے تمام سیکورٹی انتظامات فول پروف بنا دیئے گئے ہیں۔ ٹریفک انتظامات بھی ترتیب دے دیئے گئے ہیں جبکہ شرجیل میمن، وقار مہدی اور نجمی عالم بھی جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے جلسہ گاہ کا دورہ کرچکے ہیں۔ اس دوران وی او اے سمیت تمام میڈیا نمائندوں کو بھی یہاں کا جائزہ لینے کی غرض سے دورہ کرایا جاچکا ہے۔

جمعرات کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے ازخود جلسہ گاہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر پارٹی عہدیدار عبدالقادر پٹیل نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد میں شامل لوگوں کو بریفنگ بھی دی۔ شرجیل میمن بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔ شرجیل میمن نے میڈیا سے خطاب میں ایک مرتبہ پھر ان خیالات کا اظہار کیا کہ جلسہ میں لوگوں کی شرکت سابقہ ریکارڈ توڑ دے گی۔

علاقے، ریلی اور جلسے کی سیکورٹی کی غرض سے ہوم سیکریٹری سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے شہر کے تمام اہم اسپتالوں کو ہائی الرٹ کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان کی جانب سے آئی جی پی سندھ اور کمشنر کراچی کو بھی اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ریلی اور جلسے کے پرامن انعقاد کو ہر ممکن یقینی بنائیں۔