امریکہ میں روزگار کےمواقع میں اضافہ حوصلہ افزاہے: اوباما

  • خلیل بگھیو

مارچ کے مہینے میں امریکی معیشت میں ایک لاکھ 62ہزار روزگارکے مواقع پیدا ہوئے، جب کہ بے روزگاری کی شرح نسبتاً متوازن صورت میں9.7فی صد کی سطح پر رہی۔

2007ء میں جب سےکساد بازاری کا آغاز ہوا روزگار کے مواقع میں ہونے والا یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کے دِن محکمہٴ محنت کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ لیکن اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ خلفشار کی شکار امریکی معیشت کو کساد بازاری کے دوران ضائع ہونے والے80لاکھ روزگار کے مواقع کے دوبارہ حصول کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہوگا۔

امریکہ کے جنوب میں واقع ریاست ِشمالی کیرولینا میں تقریر کرتے ہوئے مسٹر اوباما نے کہا کہ بے روزگاری کے معاملے میں معاشی اعدادو شمار معاملے کی مالی اور جذباتی صورتِ حال کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔

مارچ میں جتنے لوگوں کو ملازمت ملی ہے، اُن میں سے ایک تہائی سے کچھ کم تعداد اُن عارضی ملازمین کی ہے جنھیں مردم شماری کے کام کے لیے بھرتی کیا گیا ہے۔

نجی شعبے میں کارخانوں میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا لیکن مالی خدمات اور کمپیوٹر کی صنعت میں اِن میں کمی واقع ہوئی۔