امریکہ میں اگلے صدارتی انتخابات میں ابھی ڈیڑھ سال کا وقت باقی ہے لیکن امریکی سیاست کے انداز میں انتخابی تیاریوں کے رنگ نظر آنا شروع ہوچکے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ہفتے صدر اوباما کا پورٹو ریکو کا دورہ، امریکہ کے ان ہسپانوی ووٹروں کے دل جیتنے کی ایک کوشش تھی جو آئندہ صدارتی انتخاب میں امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں صدر اوباما کی کامیابی کا راہ ہموار کر سکتے ہیں ۔
صدر اوباما کو ابھی وہائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران تین سال مکمل نہیں ہوئے ، لیکن امریکی صدارت کے لئے میدان میں اترنے کے خواہش مند حزب اختلاف کےامیدواروں نے واضح کر دیا ہے کہ ان کے ملک کا اگلا صدارتی انتخاب امریکی معیشت پر کرایا گیا ریفرینڈم ہی ہوگا ۔
سیاسی تجزیہ کار ری پبلکن نامزدگی جیتنے کے خواہشمندوں میں ریاست میسا چوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی کو ان کے کاروباری پس منظر کی وجہ سے امریکی معیشت کی درستگی کے مطالبے میں حق بجانب قرار دے رہے ہیں ۔ جبکہ ریاست منی سوٹا کی رکن کانگریس مشیل بک مین کو، جو حکومت مخالف تحریک ٹی پارٹی کی سرگرم رکن اور سابق صدارتی امیدوار سارا پیلن کی حامی سمجھی جاتی ہیں ، اپنی پارٹی کی امیدواری کے لئے ہونے والے مباحثے میں ان کی اچھی کارکردگی کے باعث اہم قرار دے رہے ہیں ۔
سیاسی تجزیہ کار ایمی والٹر کا کہناہے کہ ریبلکن امیدواروں کے پاس ابھی پرائمریز تک پہنچنے کے لئے سوائے صدر اوباما پر تنقید کے کوئی موضوع نہیں ہے ۔ آپ دیکھیں گے کہ وہ اپنی مہم کے دوران تند و تیز تنقید ہی کریں گے ۔
http://www.youtube.com/embed/XQLfaauHhfs
معیشت کی درستگی کو نعرہ بنا نے کی حکمت عملی پر سیاسی تجزیہ کاروں کو کوئی حیرت نہیں ، اور ان کا خیال ہے کہ معیشت ہی اگلے سال کے صدارتی انتخاب میں صدر اوباما کی کامیابی کے لئے زبردست چیلنج پیش کر سکتی ہے ، جو امریکہ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ہسپانوی نسل آبادی کے دل جیتنے کے لئے اس ہفتے ایک مختصر دور ے پر جزیرہ نما پورٹو ریکو گئے ، جو امریکہ کا حصہ نہیں ہے ، لیکن وہ اگلے سال ہونےو الی ایک ووٹنگ کے ذریعے امریکہ کی 51 ویں ریاست بن سکتاہے ۔
صدر اوباما 1961ء میں صدر جان ایف کینیڈی کے دورے کے بعد پورٹو ریکو کا دورہ کرنے والے دوسرے امریکی صدر ہیں ۔
اپنے اس دورے میں صدر نے پورٹیکو کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں ،کہ جزیرے پر رہنے والے ہر خاندان کوروزگار ملے ۔ اسی لئے ہمارے معاشی اور صحت کے منصوبوں میں پورٹوریکو کی مدد کرنا بھی شامل تھا ۔
امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا اور فلوریڈا میں پورٹو ریکو سے آنے والے ہسپانوی تارکین کی آبادی خود اپنے ملک کی کل آبادی سے زیادہ ہے ۔ یہی وہ ریاست ہے جواپنے 9.5 فیصد بے روزگاری کے ساتھ امریکہ کے معاشی بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور سیاسی لحاظ سے 2012ء کے انتخابات میں صدر اوباما کے لئے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر اوباما کی مقبولیت میں جو اسامہ بن لادن کی موت کے اعلان کے بعد قدرے بہترہوئی تھی ، ایک بار پھر کمی آئی ہے ، اور ان کے حریفوں کی تعداد میں سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار سارا پیلن کے اترنےکے بعد اضافے کے امکانات مزید مضبوط ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ۔