54 سالہ ڈیوڈ ہیل کو مشرق وسطیٰ کے امور کا ماہر تصور کیا جاتا ہے۔ وہ 2005ء سے 2008ء تک اردن میں بھی سفیر رہ چکے۔
امریکہ کے صدر براک اوباما نے تجربہ کار سفارت کار ڈیوڈ ہیل کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کیا ہے۔
ہیل کی نامزدگی کو سینیٹ کی طرف سے توثیق درکار ہو گی جس کے بعد ہی وہ اسلام آباد میں ستمبر 2012ء سے تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ہیل 2013ء سے لبنان میں بطور امریکی سفیر فرائض سرانجام دیتے آرہے ہیں۔
54 سالہ ڈیوڈ ہیل کو مشرق وسطیٰ کے امور کا ماہر تصور کیا جاتا ہے۔ وہ 2005ء سے 2008ء تک اردن میں بھی سفیر رہ چکے۔
واشنگٹن میں محمکہ خارجہ میں مسٹر ہیل اسرائیل اور فلسطین کے امور کے ڈائریکٹر کے علاوہ اسرائیل اور مصر اور اس خطے کے لیے نائب معاون وزیر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیل عربی زبان بھی بول لیتے ہیں۔ انھوں نے 1984ء میں محکمہ خارجہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔