طوفان متاثرین کی مدد جاری رکھیں گے، صدر اوباما

President Barack Obama, left, embraces Donna Vanzant, right, during a tour of a neighborhood effected by superstorm Sandy, Oct. 31, 2012 in Brigantine, N.J.

صدر نے مزید کہا کہ کیلی فورنیا سے واسطہ رکھنے والی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں تک نے بھی متاثرین کی مدد کے عہد کا اظہار کیا ہے
بدھ کے روز امریکی صدر براک اوباما نے سمندری طوفان کی زد میں آئے ہوئے نیوجرسی کے ساحلی علاقے کا دورہ کیا، جہاں اُنھوں نے تباہ حال لوگوں سے کہا کہ وفاقی حکومت اُن کی ’طویل عرصے تک‘ مدد جاری رکھے گی۔

ریاست کے گورنر کِرس کِرسٹی اُن کے ہمراہ تھے۔

صدر نے نیو جرسی اور’گریٹر نیو یارک میٹروپولیٹن علاقے‘ کے لاکھوں باشندوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اُن خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جِن کے پیارے سیلاب کے باعث رحلت کرگئے ہیں، اور وعدہ کیا کہ وہ اُن کی بحالی کے سلسلے میں ہر ممکن اقدام کریں گے۔


صدر نے مزید کہا کہ کیلی فورنیا کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں تک نے بھی مدد کرنے کے عہد کا اظہار کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے فوج کے ٹرانسپورٹ طیاروں کو احکامات جاری کر دیے ہیں کہ ملک کے دوردراز علاقوں سے ضروری اشیا، اوزار اور عملے کو متاثرہ مقامات تک لانے کے لیے جلد سے جلد کوششیں کی جائیں۔

دریں اثنا، نیو یارک کے ’بیلوو ہاسپیٹل سینٹر‘، جو کہ ہنگامی طور پر فراہم کی گئی غیر مستحکم رسد والی بجلی کے ذریعے اپنا کام کرتا رہا ہے، بدھ کے روز سینکڑوں مریضوں کے انخلا کا کام سرانجام دیا۔


اِس سے کچھ ہی گھنٹے قبل، نیو یارک یونیورسٹی کے ’لینگون میڈیکل سینٹر‘ نے بھی انخلا کے کام میں مدد فراہم کی، ایسے میں جب تنصیب کی حدود میں بیک اپ جنریٹرز کے ذریعے فراہم کی جانے والی بجلی بند ہوگئی تھی۔

قریب ہی، نیو جرسی کے ہوبوکن علاقے میں سیلاب میں گھِرے ہوئے ہزاروں لوگوں کی امداد کے لیے بدھ کے روز ’نیشنل گارڈ ٹروپس‘ مدد کو پہنچیں۔ ہڈسن نہر کے ساتھ واقع اس شہر میں زہریلا سیلابی پانی بھر گیا ہے۔

ایسے میں جب صدارتی انتخابات میں محض ایک ہفتہ باقی ہے، ریپبلیکن پارٹی کے مد ِمقابل امیدوار مِٹ رومنی نے فلوریڈا میں اپنی مہم جاری رکھی، جہاں اُنھوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ امدادی کاموں کے سلسلے میں جِس قدر ممکن ہو مدد کی جائے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ بھر سے لوگ سیلاب متاثرین کی مدد کے خواہاں ہیں۔

سینڈی کے باعث شمالی امریکہ میں کم از کم 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جب کہ گذشتہ ہفتے کیربین کے علاقے میں مزید 65افراد ہلاک ہوگئے تھے، جہاں سے طوفان نے امریکہ کا رخ کیا۔