بحالی اورتعمیرِ نو کے کام میں امریکہ جاپان کا بھرپور ساتھ دیگا: اوباما

بحالی اورتعمیرِ نو کے کام میں امریکہ جاپان کا بھرپور ساتھ دیگا: اوباما

بحالی کے کام میں مدد دینے کے لیے تلاش اوربازیابی سے متعلق ٹیموں کو جاپان بھیجا گیا ہے، اور امریکہ وہ سب کچھ کرے گا جو اُس کے بس میں ہے

امریکی صدر براک اوباما نےجمعرات کے روز کہا کہ نیوکلیئر بحران پر قابو پانے، اور بحالی اور تعمیرِ نوکے کام میں امریکہ جاپان کا ساتھ دیگا۔

وائس آف امریکہ کےکینٹ کلائین نےوائٹ ہاؤس سے خبردیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر نے امریکیوں کوبھی یقین دہانی کرائی کہ جاپان کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو پہنچنے والے نقصان کےنتیجے میں تابکاری کے اثرات کو امریکی ساحلوں تک نہیں پہنچنے دیا جائےگا۔

صدر اوباما نے کہا کہ اُنھیں جاپانی لوگوں کی طاقت اوربلند حوصلے پر یقین ہے، جِس بنا پر جاپان ضروربحال ہوگا اوراپنی تعمیر نو میں کامیاب ہوگا۔ اور اُنھوں نے کہا کہ مدد کےحوالے سے امریکہ وہ سب کچھ کرے گا جو اُس کے بس میں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اِس کڑی آزمائش اور صدمے کے وقت جاپانی لوگ اکیلے نہیں ہیں۔

جمعےکو جاپان میں آنے والے زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے اور فوکوشیما ڈائچی نیوکلیئر پلانٹ کے ری ایکٹرز میں بڑے پیمانے پرہونے والے نقصان کےباعث تشویش پائی جاتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کےروز گارڈن میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے صدر نے کچھ اقدامات کا ذکر کیا جوامداد کے حوالے سے امریکہ نے اٹھائے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بحالی کے کام میں مدد دینے کے لیےتلاش اوربازیابی سےمتعلق ٹیموں کوجاپان بھیجا گیا ہے، جب کہ اس وقت ’ڈزاسٹر اسسٹینس اینڈ ریسپونس ٹیم ‘ زلزلے اورسونامی کے بعد کی ضروریات میں اعانت فراہم کرنے کے لیےوہاں موجود ہے۔ ساتھ ہی امریکی فوج، جِس نےعشروں سے جاپان کی سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد دی ہے، وہ دن رات امدادی کام کر رہی ہے۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ غذا اور پانی کی فراہمی کےلیے فوج نے سینکڑوں مشن مکمل کیے ہیں۔
بدھ کی رات، صدر نے صورتِ حال پر گفتگو کے لیے، وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری جے کارنی کے بقول، جاپانی وزیر اعظم نئاٹو کان سےطویل دورانئے کی ٹیلی فون کال کی۔