صدر اوباما کا انٹرنیٹ کے ذریعے ایرانی عوام سے خطاب

نئے ایرانی سال نوروز کے موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے ایرانی عوام سے انٹرنیٹ کے ذریعے خطاب کیا ہے۔

جمعے کو رات گئے وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے انٹرنیٹ وڈیوپیغام میں صدر اوباما نے ایران سے مذاکرات کی اپنی پیش کش کو دہرایا مگر ان کے بقول ایرانی رہنماء نے ”علیحدرہنے“ کو منتخب کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کی حدود اور مقاصد عیاں نہ کرکے عالمی ذاریوں سے روگردانی کررہا ہے اور امریکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل تہران کو اس کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے کام کررہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک ایران پر جوہری ہتھیار تیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں جب کہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام سول توانائی سے متعلق ہے۔

اس تنازع کے باوجود صدراومابا نے کہا کہ امریکہ ایرانی عوام کے لیے تعلیمی مواقعوں میں اضافوں اور بغیر سنسر کے انٹرنیٹ کی فراہمی سے ایک زیادہ پرامید مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔

ایرانی عوام سے صدر اوباما کا یہ دوسرا پیغام ہے ۔ اس سے قبل گذشتہ سال نوروز کے موقع پر خطاب میں انھوں نے ایران کے ساتھ سفارتی ذرائع سے تنازعات کو حل کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ”کامیابی دھمکیوں کے ذریعے نہیں بلکہ باہمی احترام سے حاصل ہوگی“۔