تارکین وطن کی امریکہ آمد کو سہل بنایا جائے: صدر اوباما

’بہترین اور ذہین ترین افراد کے یہاں آنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہماری معیشت کے فروغ میں معاون بننے میں کوئی مشکل آڑے نہیں آنی چاہیئے۔ ہمیں اس کام کو آسان بنانا چاہیئے‘

امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کو تارکین وطن سے متعلق ضابطوں میں اصلاحات پر زور دیا۔

وہ یوم آزادی کے موقع پر وائٹ ہاؤٴس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں 25 افراد کو امریکی شہریت تفویض کیے جانے پر خیرمقدمی کلمات ادا کر رہے تھے۔

یہ سارے نئے شہری امریکی فوج کے اہل کار یا فوجی جوڑے ہیں۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ امریکہ ’ہمیشہ سے تارکین وطن کا ملک رہا ہے اور رہے گا‘۔


موجودہ امی گریشن نظام کو ’شکستہ‘ قرار دیتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ وہ سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ نظام کو وقت کی ضرورتوں کے مطابق اور کارکردگی میں بہتر بنایا جاسکے۔

صدر کے بقول،’بہترین اور ذہین ترین افراد کے یہاں آنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہماری معیشت کے فروغ میں معاون بننے میں کوئی مشکل آڑے نہیں آنی چاہیئے۔ ہمیں اس کام کو آسان بنانا چاہیئے‘۔


صدر اوباما نے ریپبلیکنز پر الزام لگایا کہ وہ تارکین وطن کے قانون میں اصلاحات میں تاخیر کا باعث بن رہے ہیں، اور کہا کہ وہ اُن طریقوں کو تلاش کررہے ہیں جن کی مدد سے وہ کانگریس کو ملوث کیے بغیر اقدام کر سکیں۔

مسٹر اوباما کا یہ بیان جمعے کے دِن سامنے آیا جب امریکی برطانیہ سے آزادی کی 238ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔