امریکہ: کانگریس سے بجٹ منظور کرنے کی درخواست

صدر اوباما 2014ء کی بجٹ تجاویز بحث اور منظوری کے لیے آئندہ ہفتے کانگریس کو بھیجیں گے جن میں 580 ارب ڈالر کے نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے
امریکہ کے صدر براک اوباما نے کانگریس سے اپنے مجوزہ بجٹ کو منظور کرنے کی درخواست کی ہے جس میں، ان کے بقول، ایسی تجاویز دی گئی ہیں جن کی دونوں جماعتیں –ڈیموکریٹ اور ری پبلکن - حمایت کرسکتی ہیں۔

ہفتے کو نشر ہونے والے اپنے ہفتہ وار خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح متوسط طبقے کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے امریکی معیشت کو بہتر بنانا ہے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا کہ بجٹ میں نافذ العمل کٹوتیوں کے نتیجے میں اس سال ہزاروں ملازمتوں پر زد پڑے گی جس کےمعیشت پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ صدر اوباما 2014ء کی بجٹ تجاویز بحث اور منظوری کے لیے آئندہ ہفتے کانگریس کو بھیجیں گے۔

بجٹ میں 580 ارب ڈالر کے نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کی ری پبلکن ارکان مخالفت کر رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ان کا تجویز کردہ بجٹ اپنی چادر دیکھ کر پائوں پھیلانے اور سرکاری اخراجات میں ایسی سخت اور غیر ضروری کٹوتیوں سے سے بچنے میں مد ددے گا جن کے نتیجے میں شرحِ نمو سست ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بجٹ میں بزرگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے 'مینو فیکچرنگ'، جدت، توانائی اور تعلیم جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے اپنے وعدے پورے کریں گے۔

'وہائٹ ہائوس' کے مطابق صدر اپنے بجٹ کے بارے میں تفصیلی اعلان بدھ کو کریں گے۔