کیا پاکستان دوسرا میچ بھی ہار جائے گا؟

ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء سے متعلق مختلف شخصیات کی جانب سے اپنے اپنے تجربے، تصور اور خیالات کے مطابق پیشگوئیاں جاری ہیں۔

اب یہ سوال پاکستانی کرکٹ شائقین کے زیر بحث ہے آیا برینڈن مک کولم کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی ہار گیا تو پھر بھارت سے 16 جون کو ہونے والے میچ کا کیا ہو گا؟ یہ میچ تو دونوں روایتی کرکٹ حریفوں کے لئے معرکے کی سی حیثیت رکھتا ہے۔

شائقین کی نگاہوں میں یہی میچ تو دونوں ممالک کے لئے فائنل کی حیثیت رکھتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن مک کولم بھی پیشگوئی کرنے والوں میں شامل ہیں، جنھوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پاکستان ویسٹ انڈیز سے اپنا میچ ہار جائے گا۔ اور یہی ہوا۔

مک کولم نے میزبان ٹیم انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ میں بھی انگلینڈ کو فاتح قرار دیا تھا اور انگلینڈ ہی اس میچ کو جیتنے میں کامیاب رہا۔

برینڈن نے پیر 3 جون کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے میچ کے بارے میں بھی یہ پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی انگلینڈ کے خلاف ہار جائے گا۔

برینڈن مک کولم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہاتھ سے لکھی تحریر شیئر کی ہے جس میں انھوں نے بتایا ہے کہ ایونٹ میں شریک دس ٹیموں کے تمام میچز کے بارے میں پیشگوئی کی ہے کہ کون سی ٹیم کتنے میچز جیتے گی اور کتنے ہارے گی۔

برینڈن مک کولم کے مطابق، انگلینڈ اور بھارت 8، 8 میچز جیتیں گی جبکہ ایک، ایک میں اُنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انگلینڈ اپنا واحد میچ آسٹریلیا سے ہارے گی، جبکہ بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا، یعنی پاکستان اس بار بھی بھارت کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

سابق کیوی بیٹسمین نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے بارے میں پیشگوئی کی ہے کہ وہ اپنے 6 لیگ میچز جیتے گی جبکہ 3 میں اُسے شکست ہوگی۔ حیران کن طور پر آسٹریلیا کو شکست دینے والی ٹیموں میں پاکستان کا بھی نام شامل ہے جبکہ دیگر دو ٹیمیں ویسٹ انڈیز اور بھارت ہیں۔

اگر مک کولم کی پیشگوئی کو درست مان لیا جائے تو انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا باآسانی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیں گی، جبکہ چوتھی ٹیم کا فیصلہ بہتر رن ریٹ پر ہو گا، جس کے لئے نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

سابق کیوی کپتان کے مطابق نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا اور پاکستان 9، 9 میچوں میں سے 5، 5 میچز جیتیں گی جبکہ 4، 4 میں اُنہیں شکست ہو گی۔

برینڈن مک کولم کی پیش گوئی کے مطابق، پاکستان ٹیم سری لنکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلادیش کو شکست دے گی جبکہ ویسٹ انڈیز، (جس سے وہ پہلا میچ ہار چکی ہے)، وہ انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا سے ہار جائے گی۔

پیش گوئی کا بازار گرم ہے۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ کرکٹ کے بعد پیش گوئی کے میدان کی طبع آزمائی میں برینڈن کتنے کامیاب ثابت ہوتے ہیں۔