چھ بالی ووڈ فلمیں کانٹے دار مقابلے کے لئے تیار

لگتا کچھ یوں ہے کہ نومبر بالی وڈ کے لئے ایک ’بڑا‘ مہینہ ثابت ہوگا۔ فلم پروڈیوسرز کے 300کروڑ سے بھی زیادہ داوٴ پر لگے ہیں۔ ہر فلم ایک دوسرے سے مختلف ہے اس لئے یہی امید ہے کہ یہ فلمیں اچھا بزنس کریں گی
کراچی ۔۔بالی ووڈ کے ٹاپ ڈائریکٹرز کی فلمیں ہمیشہ سے ایک دوسرے کو ’ ٹف ٹائم‘ دیتی آئی ہیں۔ لیکن، موجودہ دور میں ”سو کروڑ کے فلمی کلب‘ ‘ کی تخلیق نے مقابلے کو اور بھی سخت بنا دیا ہے۔ ہر ڈائریکٹر کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ باکس آفس کی بازی بس اسی کے نام رہے۔۔ چاہے اس کے لئے پیسہ پانی کی طرح ہی کیوں نہ بہانا پڑے۔

اب یہی دیکھ لیجئے کہ آئندہ مہینے یعنی نومبر میں بڑے بجٹ کی چھ فلمیں باکس آفس پر دھوم مچانے اور ایک دوسرے کو چیلنج کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن اس کا سب سے بڑا فائدہ فلمی شائقین کو ہی ہوگا۔ ان کے لئے نومبر کے مہینے کا ہر جمعہ ’دھماکے دار‘ ثابت ہوگا۔

بھارتی جریدے ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق کم از کم دو فلمیں ایسی ہیں جو سال کی’سب سے بڑی ہٹ‘ بننے کی پوری پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

یکم نومبر کو ریلیز ہونے والی ”کرش3“ اور 15نومبر کو نمائش کے لئے تیار’ ’رام لیلا“ پر تو ریلیز سے پہلے ہی ’بلاک بسٹر‘ کے ٹیگ لگائے جارہے ہیں جبکہ ”رجو“، ”گوری تیرے پیار میں“ ،” سنگھ صاحب دی گریٹ“ اور” بلٹ راجا“ بھی مقابلے کی دوڑ میں ایک دوسرے کی سخت حریف ہوں گی۔

مذکورہ فلموں کی مجموعی لاگت 310کروڑ روپے ہے یعنی تین ارب 10کروڑ۔ بس اسی بات نے نومبر ”اسپیشل“ بنادیا ہے۔

’سنے میکس‘ کے مارکیٹنگ ہیڈ گریش و نکھڑے کا کہنا ہے کہ لگتا کچھ یوں ہے کہ نومبر بالی وڈ کے لئے ایک ’بڑا‘ مہینہ ثابت ہوگا۔ فلم پروڈیوسرز کے 300 کروڑ سے بھی زیادہ داوٴ پر لگے ہیں۔ ہر فلم ایک دوسرے سے مختلف ہے اس لئے یہی امید ہے کہ یہ فلمیں اچھا بزنس کریں گی۔

کرش تھری
فلم ’کرش3‘ رہتک روشن کی بلاک بسٹر ’کرش‘ سیریز کا سیکوئل ہے۔ فلم ڈائریکٹ کی ہے راکیش روشن نے ۔ ہیرو ئن ہیں پریانکا چوپڑہ جبکہ وویک اوبرائے اور کنگنا رانوٹ بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
رام لیلا
سنجے لیلا بنسالی کی ’رام لیلا‘ کے چرچے تو ریلیز سے پہلے ہی سب کی زبان پر ہیں۔ رنویر سنگھ اوردپیکا پڈکون کی جوڑی فلم سے پہلے ہی ہٹ ہو گئی ۔ایکشن اور رومینس سے بھرپور یہ فلم 15نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


رجو
وشواس پاٹل کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’رجو‘ نومبر کی 15تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں کنگنا رانوٹ اور فلم نگری میں ”رجو“ کے ذریعے اینٹری دینے والے پارس اروڑا نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ فلم میں ”کوٹھا کلچر“ کو موضوع بنایا گیا ہے جس میں ہیروئن مسلمان اور ہیرو برہمن ہندو ہے۔

گوری تیرے پیا ر میں
شہری لڑکے اور گاوٴں کی گوری کی لواسٹوری ’گوری تیرے پیارمیں‘ کی ڈائریکشن دی ہیں پنت شرما نے۔ فلم کے ہیرو عمران خان اور ہیروئن کرینہ کپور ہیں جو وطن کی محبت میں کچھ کردکھانا کا عزم رکھتی ہیں۔

سنگھ صاحب دی گریٹ
سنی دیول اور امرتا راوٴ کی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ”سنگھ صاحب دی گریٹ“ 22نومبر کو ریلیز ہوگی۔ فلم کو انیل شرما نے ڈائریکٹ کیا ہے جو اس سے پہلے سنی دیول کے ساتھ ’غدر‘ جیسی کامیاب فلم دے چکے ہیں۔فلم ایکشن اور ماردھاڑ سے بھرپورہے۔

بلٹ راجہ
”بلٹ راجہ“ کو مکمل مصالحہ فلم کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔فلم میں سیف علی خان گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے اور ان کی ہیروئن ہوں گی سوناکشی سنہا۔ فلم کو ڈائریکٹ کیا ہے تگمانشو دھلیانے۔