شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں لیویز فورسز کی چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق چیک پوسٹ کو دیسی ساخت کے ریموٹ کنٹرول بم سے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نشانہ بنایا گیا۔
48 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر ہونے والا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔
مقامی حکام اور قبائل کے مطابق واقعہ ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں پیش آیا۔ حملے میں دو لیویز اہلکار موقع ہر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اہلکار نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں دم توڑا۔
تین دیگر اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ بارودی مواد چیک پوسٹ کے ساتھ نصب تھا۔ اہلکار جوں ہی چیک پوسٹ پر پہنچے دھماکہ ہوگیا۔
اس سے قبل شمالی وزیرستان کے ہی علاقے رزمک میں سیکورٹی فورسز پر دیسی ساخت کے بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔
شمالی وزیرستان اور قبائلی ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں جون 2014 کے وسط اور بعد میں عسکریت پسندوں کے خلاف کی جانے والی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہوئی تھی۔ لیکن اب پھر ان علاقوں میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔