شمالی و جنوبی کوریا کا ٹائم زون ایک ہو گیا

شمالی و جنوبی کوریا کے رہنماوں کی گزشتہ ہفتہ ملاقات ہوئی تھی

شمالی کوریا نے ہفتہ کو اپنے معیاری وقت کو جنوبی کوریا سے ہم آہنگ کر لیا جس کا فیصلہ گزشتہ ہفتے دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات میں کیا گیا تھا۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے صدر مون جئی ان سے ملاقات میں اس عزم کا اقدام کیا تھا اور ہفتہ کو شمال کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اس کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔

دونوں کوریائی ملک دہائیوں تک ایک ہی ٹائم زون کے مطابق چل رہے تھے لیکن 2015ء میں شمالی کوریا نے 'پیانگ یانگ ٹائم' کے نام سے اپنی الگ ٹائم زون بناتے ہوئے اپنے معیاری وقت کو جنوبی کوریا اور جاپان سے 30 منٹ پیچھے کر لیا تھا۔

اُس وقت یہ کہہ کر یہ تبدیلی کی گئی تھی کہ اس کا مقصد جزیرہ نما کوریا میں 1910 سے 1945 تک ٹوکیو کے نو آبادیاتی دور کی نشانی کو ختم کرنا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ وقت کو ہم آہنگ کرنا صدور کی تاریخی ملاقات میں شمالی و جنوبی کوریا کو قریب لانے کے مختلف فیصلوں کے تناظر میں "پہلا عملی اقدام" ہے۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں اپنے جوہری اور میزائل تجربات کو معطل کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔