طبیعیات کے 'نوبیل' انعام کا اعلان

طبیعیات کے 'نوبیل' انعام کا اعلان

ستاروں کے ٹوٹنے کے مشاہدے کے ذریعے کائنات کی توسیع کے تیز تر عمل کی دریافت کرنے والے تین امریکی سائنس دانوں کو طبیعیات کے شعبے میں 2011ء کا 'نوبیل' انعام دیا گیا ہے۔

دنیائے طبیعیات کے اس اعلیٰ ترین اعزاز کے ساتھ ملنے والی 15 لاکھ ڈالرز کی نقد رقم امریکی سائنس دانوں سول پرلمٹر اور ایڈم ریس اور ان کے امریکی نژاد آسٹریلوی ساتھی برائن شمڈٹ کے درمیان برابر برابر تقسیم ہوگی۔

منگل کو اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے سوئیڈن کی 'رائل اکیڈمی آف سائنسز' کا کہنا تھا کہ سائنس دانوں کی دریافت سے "کائنات کے اس وسیع تر حصے کو آشکار کرنے میں مدد ملی ہے جو اب تک سائنس کی نظروں سے اوجھل تھا"۔

اس سے قبل اکیڈمی نے پیر کو رواں برس طب کے شعبہ کا 'نوبیل' انعام امریکہ کے بروس بٹلر، لگسمبرگ کے جولیس ہوفمین اور کینیڈا کے رالف سٹینمن کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

تینوں سائنس دانوں کو یہ اعزاز انسانی جسم کے مدافعتی نظام پر کی گئی ان کی تحقیق کے اعتراف میں دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔

انعام کے اعلان کے فوری بعد یہ انکشاف ہونے پر کہ تین سائنس دانوں میں سے ایک، رالف اسٹینمن کینسر کے مرض کے باعث تین روز قبل ہی انتقال کرگئے ہیں، صورتِ حال پر غور کے لیے 'نوبیل فائونڈیشن' کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد فائونڈیشن نے آنجہانی سائنس دان کو اعزاز دینے کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ فائونڈیشن کے قوانین کے مطابق کسی ایسے کارنامے پر انعام نہیں دیا جاسکتا جس کا انجام دینے والا زندہ نہ ہو۔ تاہم فائونڈیشن نے اس اصول کی یہ تشریح کی ہے کہ 'نوبیل' انعام جان بوجھ کر کسی شخص کو اس کی وفات کے بعد دینے کی اجازت نہیں۔

فائونڈیشن کے مطابق چونکہ اسٹینمن کو اعزاز دینے کا فیصلہ اس خیال سے کیا گیا تھا کہ وہ بقیدِ حیات ہیں اور 'جیوری' کو ان کے انتقال کی خبر نہیں تھی لہذا اعزاز دینے کا فیصلہ برقرار رکھا جائے گا۔

ایوار ڈ کے ساتھ ملنے والی لگ بھگ 15 لاکھ ڈالر کی رقم کا نصف سٹینمن کو ملے گا جبکہ بقیہ نصف بٹلر اور ہوفمین کے درمیان تقسیم ہوگی۔

'رائل سوئیڈش اکیڈمی' کیمیا کے شعبہ میں 'نوبیل' انعام کا اعلان بدھ کو کرے گی جبکہ امن کے 'نوبیل' انعام کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا۔ سر الفریڈ نوبیل کی یاد میں معاشیات کے شعبے میں دیے جانے والے اعزاز کا اعلان 10 اکتوبر کو ہونا ہے۔

واضح رہے کہ ہر برس مختلف شعبہ جات میں دیے جانے والے یہ 'نوبیل' اعزازات سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے متمول سائنس دان اور 'ڈائنامائیٹ' کے موجد الفریڈ نوبیل سے منسوب ہیں اور ان کا آغاز 1901ء میں کیا گیا تھا۔