2014ء کا نوبیل انعام برائے فزکس ’ایل ای ڈیز‘ کی ایجاد پر دو جاپانی اور ایک امریکی شہری نے جیت لیا ہے۔
دو جاپانی سائنسدانوں اسامو اکا ساکی، ہیروشی امانو اور ایک امریکہ سائنسدان شوجی نکامورا کو کم توانائی کے استعمال کی ٹیکنالوجی اور ماحول دوست روشنی کے ذریعے ’ایل ای ڈی‘ پر دیا گیا۔
منگل کو اس انعام کا اعلان کرتے ہوئے سویڈن کی ’رائل اکیڈمی آف سائنسز‘ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’’ایل ای ڈی لیمپ کی ایجاد کے بعد ہمیں روشی کے پرانے ذرائع کے مقابلے میں اب دیرپا اور موثر کارکردگی والے ذرائع میسر ہو گئے ہیں‘‘۔
نوبیل پرائز کے ساتھ 11 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
معروف سائنسدان اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل سے منسوب 'نوبیل پرائز' سب سے پہلے 1901 میں سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی پر دیئے گئے۔
پیر کو دماغ کے داخلی ’نیوی گیشن‘ نظام کا کھوج لگانے پر امریکی نژاد برطانوی سائنسدان جان اوکیفے اور ناروے سے تعلق رکھنے والے مئی بِرٹ موزر اور ایڈوارڈ موزر کے لیے ’طبی‘ میدان میں ’نوبیل انعام‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اب بدھ کو کیمسٹری، جمعرات کو ادب اور جمعہ کو امن کے نوبیل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔