طبیعات کا نوبیل انعام فلکیات پر تحقیق کرنے والے تین سائنس دانوں کے نام

فلکیات کے شعبے میں تحقیق کرنے والے تین سائنس دانوں نے رواں سال کا طبیعات (فزکس) کا نوبیل انعام جیت لیا ہے۔

نوبیل انعام کے منتظمین نے منگل کو طبیعات کے نوبیل انعام کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا جس کے مطابق اس سال یہ اعزاز جیمز پیبلز، مائیکل میئر اور ڈیڈیئر کلاز کے نام رہا۔

جیمز پیبلز کینیڈین نژاد امریکی سائنس دان ہیں جب کہ مائیکل میئر اور ڈیڈیئر کلاز کا تعلق سوئٹزر لینڈ سے ہے۔

منتظمین کے مطابق یہ انعام انہیں فزکس کے شعبۂ فلکیات میں بے مثال تحقیق کرنے پر دیا گیا ہے۔

نوبیل انعامات کا فیصلہ کرنے والی 'رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز' کا کہنا ہے کہ اس سال کے فاتحین نے کائنات کے بارے میں ہمارے خیالات کو تبدیل کر دیا ہے۔

اکیڈمی کے مطابق جیمز پیبلز کی دریافتوں سے کائنات کی تخلیق کے بارے میں جاننے میں مدد ملی جب کہ مائیکل میئر اور ڈیڈیئر کلاز نے نامعلوم سیاروں کی تلاش میں مدد دی۔

اکیڈمی نے کہا ہے کہ میئر اور کلاز نے پہلی بار نظامِ شمسی سے باہر کسی ایسے سیارے کو دریافت کیا جو سورج جیسے ستارے کے گرد گردش کرتا ہے۔ ایسے سیاروں کو فلکیات میں 'ایگزو پلینٹ' کہا جاتا ہے۔

اکیڈمی کے مطابق دونوں سائنس دانوں کی اس دریافت کے بعد سے اب تک 4000 سے زائد ایگزو پلینٹ دریافت کیے جا چکے ہیں۔

اکیڈمی کا کہنا ہے کہ ان تینوں سائنس دانوں کی دریافتوں نے دنیا کے کئی تصورات کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے۔

ایوارڈ جیتنے کے بعد مائیکل میئر اور ڈیڈیئر کلاز نے کہا کہ ایگزو پلینٹ ان کے کیریئر کی سب سے دلچسپ دریافت تھی۔ نوبیل انعام کا ملنا بہت بڑی کامیابی ہے۔

جیمز پیبلز نے نوبیل کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انعامات بہت دلکش ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے سائنس دانوں کو سراہا جاتا ہے۔

طبیعات کے نوبیل کی انعامی رقم نو لاکھ 10 ہزار ڈالرز ہے جس میں سے آدھی رقم پیبلز کو دے جائے گی جب کہ بقیہ نصف مائیکل میئر اور ڈیڈیئر کلاز میں برابر تقسیم ہوگی۔

خیال رہے کہ طبیعات کا نوبیل انعام جیتنے والوں میں دنیا کے بڑے اور معروف سائنس دان شامل ہیں جن میں میں البرٹ آئن اسٹائن، نیل بوہر اور ریڈیو کے بانی مارکونی بھی شامل ہیں۔

معروف سائنس دان اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل سے منسوب 'نوبیل پرائز' سب سے پہلے 1901ء میں سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز طب کا نوبیل انعام تین ڈاکٹروں - ولیم کیلن، گریگ سیمینزا اور پیٹر ریٹکلف - نے جیتا تھا۔

نوبیل انعام طب، طبیعات، کیمسٹری، ادب، امن، اور معاشیات کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے۔ رواں ہفتے طب اور طبیعات کے نوبیل انعامات کے فاتحین کا اعلان ہو چکا ہے جب کہ کیمسٹری کے شعبے میں نوبیل انعام جیتنے والے سائنس دانوں کے ناموں کا اعلان کل بروز بدھ کو کیا جائے گا۔