کیا نکی ہیلی امریکہ کی نائب صدارت کی امیدوار ہیں؟

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی صدر ٹرمپ کے ساتھ۔ فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے لیے امریکہ کی سابق سفیر نکی ہیلی نے اپنی کتاب’’ود آل ڈیو ریسپیکٹ‘‘ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات کی کوششوں کو ہدف تنقید بنایا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ اگرچہ وہ سیاسی معاملات کی تحقیقات کے لئے صدر ٹرمپ کی بیرونی ممالک سے مدد حاصل کرنے کی کوششوں کے حق میں نہیں ہیں۔ تاہم وہ سمجھتی ہیں کہ امریکی شہریوں کے خلاف تحقیقات کے لئے بیرونی ممالک سے مدد لینا غلط بات نہیں ہے اور ایسا کرنے سے صدر ٹرمپ کا مواخذہ نہیں کیا جا سکتا۔

صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے مخالف امیدوار جو بائیڈن اور ان کے بیٹے کی یوکرین میں تجارتی سرگرمیوں کی تحقیقات کریں۔ نکی ہیلی کہتی ہیں کہ ایسا کرنا بالکل درست تھا کیونکہ امریکہ یوکرین کو 40 کروڑ ڈالر کی امداد دے رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ نکی ہیلی ماضی میں صدر ٹرمپ سے کھل کر اختلاف کرنے کی شہرت رکھتی ہیں، لیکن اپنی کتاب میں کئے گئے انکشافات کے بعد یہ امکان موجود ہے کہ وہ دو ہزار بیس کے امریکی صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کی کامیابی کی صورت میں نائب صدارت کی امیدوار ہوں۔

نکی ہیلی نے اپنی زندگی کا احاطہ کرنے والی کتاب ' ود آل ڈیو ریسپیکٹ' میں، جو منگل کو شائع کی جا رہی ہے، الزام عائد کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ میں شامل دو اعلی عہدیداروں نے انہیں صدر کی بعض پالیسیوں کی مخالفت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نکی ہیلی نے اپنی سوانح میں لکھا ہے کہ سابق وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن اور چیف آف سٹاف جان کیلی کے الفاظ میں ’’ خطرناک راستے‘‘ پر چل رہے تھے۔

اپنی کتاب ’’ ود آل ڈیو ریسپیکٹ‘‘ میں نکی ہیلی نے ٹلرسن اور کیلی کے درمیان ایک ملاقات کی تفصیل بیان کی ہے۔ دونوں شخصیات نے صدر ٹرمپ کے موسمیاتی تغیر سے متعلق پیرس معاہدے سے نکلنے اور دیگر کچھ فیصلوں کی مخالفت کی تھی۔

نکی ہیلی کی کتاب ' ود آل ریسپکٹ' کا سرورق

ہیلی لکھتی ہیں کہ سابق سیکرٹری ٹلرسن اور کیلی کا خیال تھا کہ وہ ملک بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن نکی یاد کرتی ہیں کہ دراصل دونوں اپنے خیالات مسلط کرنا چاہتے تھے۔ ان کے الفاظ میں ’’ میں اس پر حیرت زدہ تھی‘‘

نکی ہیلی گزشتہ برس اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے منصب سے مستعفی ہو ئی تھیں۔ ان کے والدین بھارت سے ترک وطن کر کے امریکہ آئے تھے، تاہم ہیلی کی پیدائش امریکہ ہی میں ہوئی تھی۔