نائیجریا میں بوکوحرام کے دو سوسے زیادہ جنگجو گرفتار

نائیجریا کے لوگ بوکوحرام کے حملوں سے بچنے کے لیے مسلسل جھیل چاڈ کے علاقے میں پناہ لے رہے ہیں۔ فائل فوٹو

نائیجریا میں فوجی حکام نے کہا ہے کہ نائیجیریا کے فوجیوں نے انتہاپسند گروپ بوکوحرام سے منسلک 400 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا ہے جوجھیل چاڈ میں واقع ایک جزیرے میں چھپے ہوئے تھے۔ پکڑے جانے والے افراد میں جنگجو، ان کی بیویاں اور بچے شامل ہیں۔

کرنل اونیما نوچوکو نے کہا ہے کہ دو ہفتوں تک جاری اس آپریشن میں ہونے والی یہ گرفتاریاں شمال مشرقی نائیجریا میں حالیہ مہینوں کے دوران بوکوحرام کے جنگجوؤں کی سب سے زیادہ گرفتاریاں ہیں۔

اس مہم کے دوران شورش پسندوں کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر فضائی اور زمینی کارروائیاں کی گئیں۔

کرنل نوچوکو نے بتایا کہ فوج نے بوکو حرام کے 167 جنگجو، 67 عورتیں اور 173 بچے پکڑے ہیں۔ عورتیں اور بچے شورش پسندوں کے خاندان کے افراد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کوتفتیش کے بعد بے گھر افراد کیمپوں کے عہدے داروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شورش زدہ علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 57 عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔

بوکو حرام پر الزام ہے کہ اس گروپ نے گذشتہ 8 سال کی شورش کے دوران 20 ہزار کو ہلاک کیاہے۔