نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دس وکٹوں سے ہرا دیا

عمر اکمل کی جارحانہ بلے بازی بھی پاکستان کے کام نہ آ سکی (فائل فوٹو)

گپٹل اور کپتان ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ابتدائی بلے بازوں کی شراکت کا 171 رنز کا ریکارڈ قائم کیا۔

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

اتوار کو ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی ابتدا کچھ متاثر کن نہیں رہی۔

ابتدائی بلے باز احمد شہزاد نو اور محمد حفیظ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز میں کھیل کو آگے بڑھایا لیکن وہ بھی 18 رنز بنا کر چلتے بنے۔

شعیب ملک 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کریز پر موجود عمر اکمل کا ساتھ دینے کپتان شاہد آفریدی آئے لیکن وہ ایک چھکے کے ساتھ صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عمر اکمل نے 56 رنز کی شاندار ناقابل تسخیر اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کلنگن نے دو، سانٹنر، اینڈریسن، ملن اور ایلیوٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور اٹھارہویں اوورز میں بغیر کسی نقصان کے فتح حاصل کی۔

گپٹل اور کپتان ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ابتدائی بلے بازوں کی شراکت کا 171 رنز کا ریکارڈ قائم کیا۔

دونوں بلے بازوں کے سامنے پاکستانی باؤلر بالکل بے بس نظر آئے اور کسی بھی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔

گپٹل نے چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 87 جب کہ ولیمسن نے 11 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔ ان دونوں کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 16 رنز سے جیتا تھا۔ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 22 جنوری کو ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔