نیوزی لینڈ کا پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے پر غور

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکلم پاکستان کے خلاف ایک میچ میں شاٹ لگا رہے ہیں۔ فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ حکام پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی پیشکش پر غور کر رہے ہیں۔

آئی سی سی کے پروگرام کے مطابق پاکستان کو اس سال نیوزی لینڈ کے خلاف اکتوبر۔نومبر میں ممکنہ طور پر تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ہی ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرنا ہے۔ پروگرام کے مطابق یہ تمام میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اُنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت موصول ہوئی ہے اور وہ سیکورٹی حکام، حکومت اور کھلاڑیوں سے مشورہ کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مشاورت مکمل ہونے بعد وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو جواب دیں گے۔

نیوزی لینڈ نے 2003 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔ 2002 میں نیوزی لینڈ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچی تھی۔ ایک ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد دوسرے ٹیسٹ سے پہلے اُس ہوٹل کے باہر زور دار بم دھماکہ ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹھہری ہوئی تھی۔ اس دھماکے کے نتیجے میں گیارہ فرانسیسی انجینئروں سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اگرچہ بتایا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس حملے کا ہدف نہیں تھی لیکن دوسرا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اُسی روز وطن لوٹ گئے تھے۔

تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم اگلے برس 2003 میں ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آئی تھی۔ اُس کے بعد پروگرام کے مطابق نیوزی لینڈ کو دسمبر 2009 میں بھی پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن اسی سال سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے باعث یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

اس کے بعد سے پاکستان نے اپنی تمام ہوم سیریز پاکستان سے باہر ہی کھیلیں اور یہ صورت حال اب تک جاری ہے۔ حالیہ برسوں میں البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے اکا دکا بین الاقوامی میچ غیر معمولی سیکورٹی حالات میں پاکستان میں کھیلے جانے لگے ہیں۔

زمبابوے نے 2015 میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان میں کھیلے۔ اس کے علاوہ اس سال پاکستان سوپر لیگ کے چار میچ بھی پاکستان میں کھیلے گئے جن میں متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ پھر آئی سی سی ورلڈ الیون اور سری لنکا کے خلاف ایک ایک ٹی ٹونٹی میچ پاکستان میں کھیلا گیا اور چند ہفتے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا۔

آئی سی سی پروگرام کے مطابق پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ تاہم آسٹریلیا کرکٹ حکام نے پہلے ہی کہ رکھا ہے کہ اس سیریز کا کوئی میچ پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا آئندہ مارچ میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر رضامند ہو جاتی ہے اور یہ میچ پر امن ماحول میں مکمل ہو جاتے ہیں تو کیا مستقبل میں آسٹریلوی ٹیم بھی پاکستان میں کچھ میچ کھیلنے پر رضامند ہو جائے گی۔