نیویارک: عمارت میں دھماکا، دو خواتین ہلاک

حادثے کی جگہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے جائے حادثہ پر صحافیوں کو بتایا کہ عمارتوں میں رہائش پذیر کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
امریکہ کے شہر نیویارک میں دھماکوں کے بعد دو رہائشی عمارتوں کے منہدم ہونے کے نتیجے میں دو خواتین ہلاک اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی ٹی وی 'سی این این' کے مطابق حادثہ نیویارک کے علاقے بالائی مین ہٹن میں بدھ کی صبح ساڑھےنو بجے پیش آیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں دو پانچ منزلہ عمارتیں منہدم ہوگئی ہے جب کہ نزدیک واقع کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے جائے حادثہ پر صحافیوں کوبتایا کہ عمارتوں میں رہائش پذیر کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں عمارتوں کے ملبے میں آگ لگ گئی تھی جسے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بجھادیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کی کاروائی میں نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ کے 200 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔

حکام کے مطابق دھماکوں سے قبل متاثرہ عمارتوں کے نزدیک رہائش پذیر ایک شخص نے علاقے میں قدرتی گیس کی بو پھیلے ہونے کی شکایت کی تھی جس پر گیس فراہم کرنے والی کمپنی نے اپنا عملہ روانہ کیا تھا جس کے پہنچنے سے قبل ہی دھماکا ہوگیا۔

حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکے گیس کے اخراج کا نتیجہ ہوسکتے ہیں لیکن گیس فراہم کرنے والی کمپنی نے اس کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔

حکام نے علاقے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے اور حادثے کی جگہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ متاثرہ عمارتیں ریلوے لائن کے ساتھ ہی واقع ہیں جس کے باعث علاقے میں ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔