امریکہ میں شادی بیاہوں کے بدلتے رجحانات

شادی بیاہ کی رسومات کسی بھی معاشرے کی ثقافت کا ایک دلچسپ اور منفرد پہلو ہوتی ہیں۔ امریکی معاشرے میں بھی شادی بیاہ کے لیے خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ لیکن بدلتے دور کے ساتھ ان روایات میں بھی اب تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ امریکہ میں بھی شادی کے موقع پر ملبوسات اور رسومات میں کئی تبدیلیاں آرہی ہیں۔

آپ نے امریکی دلہنوں کو ہمیشہ ایک روایتی سفید گاؤن میں ہی دیکھا ہوگا۔ لیکن کیلی فورنیا کے شہر بیورلے ہلز میں گذشتہ دنوں امریکی شادیوں کی مناسبت سے ہونے والی ایک نمائش سے یہ ظاہر ہوا کہ اس روایتی سفید گاؤن میں جدت کیسے لائی جا سکتی ہے۔
اور صرف ملبوسات ہی کیوں ، امریکی شادیوں میں زیورات سے لے کر پھولوں کی سجاوٹ اور دلہنوں کے بناؤسنگھار تک جدید انداز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
تاتیانا بریون اس نمائش کی منتظم تھیں ۔ ان کا کہناتھا کہ امریکہ میں اس نوعیت کی یہ پہلی نمائش تھی۔ اور اس نمائش کا مقصد دلہنوں کوامریکی شادیوں میں کھانے پینے، زیورات ، سجاوٹ اور سجنے سنورنے سے متعلق جدید فیشن سے آگاہ کرنا تھا۔

اس نمائش میں دلہنوں کے لیے جدید تراش خراش کے ویڈنگ گاؤنز رکھے گئے۔
جبکہ منفرد اندازاور رنگوں سے سجائے گئے شادی کے کیکس بھی سبھی کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ہر سال بیس لاکھ سے زائد جوڑے شادی کے بندھن میں بندھتے ہیں۔ نمائش میں آنے والوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائشیں امریکی شادیوں کو مزید دلچسپ بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔