افغان سیسمی اسٹریٹ میں صنفی مساوات کے لیے لڑکے کا کردار متعارف

زیرک

بچوں کے معروف ٹیلی ویژن سیریز "سیسمی اسٹریٹ" نے گزشتہ سال افغانستان میں اپنا افغان پروگرام شروع کیا تھا جس میں ایک بچی کا کردار متعارف کروایا گیا تھا۔

لیکن اب اس کے ساتھ ساتھ ایک اور کردار کو متعارف کروایا گیا ہے جو کہ ایک چار سالہ لڑکے کا ہے اور وہ خاص طور پر خواتین کے تحفظ کے بارے میں اپنے انداز میں آگاہی پر مبنی پیغام دیتا ہے۔

اس نئے کردار کا نام زیرک رکھا گیا ہے جو اپنی چھ سالہ بہن زری کے ساتھ پروگرام "باغیچہ سِم سِم" میں جلوہ گر ہو رہا ہے۔

یہ دونوں کردار افغان ثقافتی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے ہیں۔

افغانستان میں یہ پروگرام نشر کرنے والے ٹی وی چینل "طلوع" کے سربراہ مسعود سنجر نے امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ زری کے کردار کو والدین اور بچوں کی طرف سے خوب سراہا گیا جس کے بعد صنفی مساوات کے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے یہ کردار متعارف کروایا گیا۔

"افغانستان جیسے مردوں کے معاشرے میں میرا خیال مردوں کے لیے یہ سبق دیا جانا چاہیے تھے اور ایک ایسا کردار متعارف کروایا گیا جو خاتون کی تکریم کرے۔ آپ افغان آدمیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنی بہنوں کی بھی ویسے ہی عزت کریں جیسے کہ اپنے بھائیوں کی۔"

زری اور پھر زیرک کی پتلیاں نیویارک میں تیار کی گئیں۔