اٹلی: ایک دن میں 12 ہزار مریض، دو روز میں 700 ہلاکتیں

John Hopkins Data

کرونا وائرس کے چین سے باہر مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد چین کے اندر کیسز اور ہلاکتوں سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ چین میں مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے کم رہ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پوری دنیا میں لگ بھگ 12 ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 181127 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 7114 ہلاک ہوچکے ہیں۔ مزید چھ ہزار کی حالت تشویش ناک ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ 78085 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ یورپ میں نئے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے اور اٹلی کے بعد سپین میں لوگ وائرس سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ ایران میں بھی صورتحال قابو میں نہیں آرہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 3233 مریضوں کی تصدیق ہوئی اور 349 افراد ہلاک ہوئے۔ دو روز کے دوران اٹلی میں 700 سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ پیر کو اسپین میں 1440، جرمنی میں 1428 اور فرانس میں 1210 نئے کیسز سامنے آئے۔

اب تک جن ملکوں میں پانچ ہزار سے زیادہ کیسز ہوچکے ہیں ان میں چین، اٹلی، ایران، اسپین، جنوبی کوریا، جرمنی اور فرانس شامل ہیں۔ امریکہ میں وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 4314 اور پاکستان میں 184 ہے۔ چین کے علاوہ اٹلی، ایران، سپین اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں 77 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔