'حسن علی تفریح فراہم کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیتے'

فائل فوٹو

ایک جانب جہاں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں تو وہیں آف دی فیلڈ کئی واقعات بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ جب بات ہو فاسٹ بالر حسن علی کی تو وہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

ایسا ہی ایک موقع جمعرات کی شب اس وقت آیا جب پی ایس ایل 7 کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ پشاور زلمی کے آل راؤنڈر اور اپنے شوہر بین کٹنگ کا انٹرویو کر رہی تھی کہ اچانک حسن علی نے انٹری دی اور گلہ کیا کہ آپ ہمیشہ اپنے ہی شوہر کا انٹرویو کیوں کرتی ہیں؟

حسن علی کے اس طنزیہ گلے پر ایرن ہالینڈ اور بین کٹنگ بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔ یہ کیسے ہو سکتا تھا کہ سوشل میڈیا صارفین حسن علی کی اس 'حرکت' کو نظرانداز کر دیتے۔

ٹوئٹر صارف مانی علی نے ٹوئٹ کی کہ حسن علی ہمیں تفریح فراہم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے چاہے وہ آن دی فیلڈ ہو یا آف دی فیلڈ۔

ایک صارف نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت نامناسب بات ہے کہ آپ کسی کی گفتگو میں خلل ڈالیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ بلاشبہ حسن علی انٹرٹینر ہیں۔

اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر حسن علی اپنی اچھی یا خراب کارکردگی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنتے رہے ہیں۔

حسن علی کو اس وقت سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لیا تھا جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے ایک اہم موقع پر اُنہوں نے آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑ دیا تھا۔

حسن علی نے اس میچ میں چار اوورز میں 44 رنز بھی دیے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایرن ہالینڈ اور بین کٹنگ کون ہیں؟

بین کٹنگ آسٹریلیا کی جانب سے چار ایک روزہ جب کہ سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جب کہ وہ پی ایس ایل سمیت دنیا کی مختلف لیگز میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

پینتیس سالہ کرکٹر نے گزشتہ برس آسٹریلوی ماڈل ایرن ہالینڈ سے شادی کی تھی جو اب کرکٹ پریزینٹر کے طور پر پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔

بتیس سالہ ماڈل اور سنگر ایرن ہالینڈ نے 2013 میں 'مس ورلڈ آسٹریلیا' کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔