حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم کو بلائیں گے: نواز شریف

انتخابات کے اگلے ہی دن مسلم لیگ ن کے سربراہ کو بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات موصول ہوئے، جبکہ انہیں بھارت کے دورے کی بھی دعوت دی گئی
کراچی ۔۔۔ پاکستان میں انتخابات کے نتائج کے ساتھ ہی گویا پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو ایک نئی اور مثبت جہت مل گئی ہے۔

انتخابات کے اگلے ہی دن مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نواز شریف کو بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات موصول ہوئے، جبکہ انہیں بھارت کے دورے کی بھی دعوت دی گئی۔

پیر کو ایک مرتبہ پھر نواز شریف نے اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ وزارت عظمی ٰکی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے بھارتی وزیراعظم کو دعوت دیں گے۔

نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تصفیہ طلب امور بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات99ء کی پوزیشن سے دوبارہ شروع کئے جائیں گے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ڈرون حملوں کے حوالے سے پو چھے گئے ایک سوال پر میاں نواز شریف نے کہا کہ امریکا کو اس معاملے پر قائل کرلیں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی پالیسی مرتب کریں گے اور ملک کو ’ایشین ٹائیگر‘ بنائیں گے ۔