انہوں نے کہا کہ گوادر سے خنجراب تک اقتصادی راہداری بنائی جارہی ہے جس سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا، جبکہ کراچی سے لاہور تک چھ رویہ موٹروے کی تعمیر بھی زیر غور ہے
کراچی —
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں کے مینڈیٹ کا تہہ دل سے احترام کرتے ہیں۔ اُن کے الفاظ میں: ’آج سیاسی جماعتوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جس کی واضح مثال یہ ہے کہ میرے دائیں جانب ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے گورنر عشرت العباد خان اور بائیں جانب پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو قوم نے مینڈیٹ دیا ہے، ہم اس کا احترام کرتے ہیں‘۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اپنے پہلے دورہٴ کراچی کے موقع پر بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پہنچ کر انہیں اپنی اسیری کے دن یاد آگئے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن یاد ہے جب مجھے بکتربند گاڑیوں میں بٹھا کر کراچی لایا جاتا تھا۔ لیکن، آج میں بطور وزیر اعظم کراچی آیا ہوں۔ ہماری جدوجہد میں جمہوری عمل آگے بڑھا ہے۔ ووٹ سے پر امن تبدیلی آئی ہے۔
بعد ازاں وزیر اعظم گڈانی پہنچے جہاں انہوں نے کوئلے کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ گڈانی میں شروع کیا جانے والا توانائی کی راہداری کا منصوبہ اربوں روپے مالیت کا ہے۔ اپن کے بقول، ’اس کے ذریعے ہمارا ہدف پچاس ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہے، یہاں سے ہر صوبے کو بجلی فراہم ہو گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کی کمی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔ حکومت نے توانائی پالیسی کا اعلان کرکے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ایک بہتر موقع فراہم کیا ہے۔ اس منصوبے سے ملک کی معیشت کو سہارا ملے گا۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سے خنجراب تک اقتصادی راہداری بنائی جارہی ہے جس سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا، جبکہ کراچی سے لاہور تک چھ رویہ موٹروے کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔