نوابشاہ: کچی شراب پینے سے دو ہلاک

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے باوجود، اس سے قبل بھی صوبے کے مختلف شہروں سے متعدد بار کچی شراب سے ہلاکتوں کے واقعات سامنے آچکے ہیں

کراچی: صوبہٴسندھ کے شہر نوابشاہ میں مبینہ طور پر ’کچی زہریلی‘ شراب پینے سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ غیر قانونی طور پر کچی شراب کی فروخت میں اضافے کے باعث ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، واقع کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، ہلاکتوں کی خبر سامنے آنے کے بعد صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، گیان چند اسرانی نے واقعےکا نوٹس لےکر ڈائریکٹر جنرل سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

گیان چند کا کہنا ہے کہ ’خفیہ اطلاعات پر کچی شراب فروخت کرنے والے عناصر کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جائیں‘۔ انھوں نے انسانی جانوں کے نقصان کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے باوجود، اس سے قبل بھی صوبے کے مختلف شہروں سے متعدد بار کچی شراب سے ہلاکتوں کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔