پولیس کے مطابق، اس حملے کا ہدف صوبہٴ نازیان میں قبائلی عمائدین تھے، جو کہ شدت پسندوں کے خلاف مقامی ملیشیاء فورس بنا رہے تھے
اسلام آباد —
افغان عہدیداروں کے مطابق، پاکستان کی سرحد کے قریب صوبے ننگرہار میں ایک خودکش کار بم حملے میں کم از کم چھ افراد مارے گئے، جب کہ 15 سے زائد زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ‘ پریس نے صوبائی پولیس سربراہ جنرل زروار زاہد کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق، اس حملے کا ہدف صوبہٴ نازیان میں قبائلی عمائدین تھے، جو کہ شدت پسندوں کے خلاف مقامی ملیشیاء فورس بنا رہے تھے۔
ننگرہار صوبے میں حالیہ مہینوں میں شدت پسندوں کی آپس میں اور سرکاری فورسز کے درمیان شدید لڑائی ہوتی رہی ہے۔
اس صوبے میں شدت پسند گروہ داعش کے جنگجو متحرک ہیں۔ واضح رہے کہ کئی طالبان جنگجو داعش میں شامل ہوئے۔
حالیہ مہینوں میں افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے مقامی فورسز کے ساتھ مل کر داعش کے خلاف کئی کارروائیاں کی ہیں۔