کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی، نعیم الحق کا مصباح کو ہٹانے کا مطالبہ

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا میں ناقص کارکردگی پر وزیر اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کوچ اور چیف سلیکٹر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ کے تحت یہ امید نظر نہیں آتی کہ قومی کرکٹ ٹیم اچھا کھیل پیش کر سکتی ہے۔ لہذٰا چیف سلیکٹر اور کوچ کو فوری طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی دوہری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں دو صفر سے شکست کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے دی تھی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

نعیم الحق کے مطالبے کی بعض شائقین کرکٹ تائید کر رہے ہیں جبکہ بعض شائقین کا کہنا ہے کہ یہ بیان کھیلوں کو سیاست سے پاک رکھنے کے عمران خان کے بیانیے کی نفی ہے۔

سینئر اسپورٹس صحافی عبدالماجد بھٹی نے ٹوئٹ کیا کہ نعیم الحق نے دل کی بات کہہ دی۔ دوران کمنٹری وسیم اکرم بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی کو منصوبہ بندی کا فقدان قرار دے رہے تھے۔

ایک صارف طارق سرور نے لکھا ہے کہ "نعیم صاحب یہ سارا نظام آپ کا ہی بنایا ہوا ہے۔ تنقید کرنے سے کچھ نہیں ہو گا عملی اقدامات کر کے دکھائیں۔"


ایک صارف سلطان زیب نے لکھا ہے کہ مصباح الحق حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ ان کے پاس کوچنگ کا تجربہ نہیں لہذٰا انہیں ہٹا کر کسی تجربہ کار کوچ کو لانا چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال ورلڈ کپ کے بعد سابق کوچ مکی آرتھر کو ہٹا کر مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

لیکن قومی ٹیم مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پاکستان کو گزشتہ ماہ سری لنکا کی کمزور ٹیم سے ٹی ٹونٹی سیریز میں تین صفر سے کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کرکٹ حلقے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔