سنیما ہالز پر ’نامعلوم افراد‘ کا طویل’قبضے‘ کے بعد نیا ’کارنامہ‘

کامیڈی تھرلر فلم ’نامعلوم افراد‘گزشتہ سال عید الضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی جسے شائقین کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔ اس فلم نے تسلسل سے 8 ماہ تک سلور اسکرین پر راج کیا اور پاکستانی سنیما کی بحالی اور مستقبل روشن بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا

پاکستانی سنیما کے احیاء کے بعد’نامعلوم افراد‘ نے آٹھ ماہ کے طویل عرصے تک ملکی سنیماہالز پر’قبضے‘ کے بعد اب مختلف میوزک اسٹورز پر راج کرنے کے فیصلے کو عملی جامہ پہنانا شروع کردیا ہے۔۔اور اس غرض سے باقاعدہ ڈی وی ڈیز ریلیز کردی گئی ہیں۔

’فلم والا پکچرز‘ اور ’ایم ریکارڈز‘ کی جانب سے تیاری کی جانے والی ڈی وی ڈی کی ریلیز پر کراچی میں باقاعدہ ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فلم کے نمایاں فنکاروں نے خوشی سے لبریز لہجے میں کھل کر اظہار خیال بھی کیا۔

ان فنکاروں میں شامل تھے فلم کے ہیرو فہد مصطفیٰ، ہیروئن عروہ حسین، سنیئر فنکار جاوید شیخ، نیا چہرہ محسن عباس حیدر اور دیگر۔

فنکاروں کے علاوہ فلم کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر فضا علی مرزا اور نبیل قریشی نے بھی فلم کے حو الے سے اپنے تجربات اور دنیا بھر کی جانب سے ملنے والے رسپانس سے ناصرف سب کو آگاہ کیا بلکہ ایک ویڈیو بھی دکھائی۔ فلم کامیابیوں کا پس منظر لئے ہوئے تھی۔

کامیڈی تھرلر فلم ’نامعلوم افراد‘ گزشتہ سال عید الضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی جسے شائقین کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔ اس فلم نے تسلسل سے 8 ماہ تک سلور اسکرین پر راج کیا اور پاکستانی سنیما کی بحالی اور مستقبل روشن بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

’نامعلوم افراد‘ نے پاکستانی فلم بینوں کے دلوں کو مسخر کرنے کے ساتھ ساتھ برطانیہ سمیت پورے یورپ اور امریکہ کو بھی اپنا جادو دکھایا۔ نیویارک کے فلم فیسٹیول میں تو باقاعدہ اسے شرکت کا اعزاز بخشا گیا۔