معروف موسیقار و گلوکارہ ہانیہ اسلم انتقال کر گئیں

  • زیب اور ہانیہ پاکستان کے مشہور میوزک بینڈز میں سے ایک ہیں۔
  • ہانیہ اسلم اور زیب بنگش کو سال 2001 میں گانے 'چپ' سے خاصی شہرت ملی تھی۔
  • ہانیہ اسلم کی کزن اور ان کے بینڈ کی ساتھی گلوکارہ زیب بنگش نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
  • ہانیہ اسلم کے انتقال پر مداحوں سمیت شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے معروف میوزک شو 'کوک اسٹوڈیو' سے مقبولیت حاصل کرنے والی گلوکارہ و موسیقار ہانیہ اسلم اتوار کی شب انتقال کر گئی ہیں۔

ہانیہ اسلم کی کزن اور بینڈ کی ساتھی گلوکارہ زیب بنگش نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔

زیب بنگش نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہانیہ اسلم کی چند تصاویر شیئر کیں۔

ہانیہ اسلم کے انتقال پر مداحوں سمیت شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

فلم ساز مہرین جبار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہانیہ اسلم کے ساتھ اپنی پرانی یادیں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے انتقال کی خبر سے صدمے میں ہیں۔

گلوکار یاسر جسوال اور میزبان ڈینو علی نے بھی ہانیہ اسلم کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔

زیب اور ہانیہ پاکستان کے مشہور میوزک بینڈز میں سے ایک ہیں۔ ہانیہ اسلم اور زیب بنگش کو سال 2001 میں گانے 'چپ' سے خاصی شہرت ملی تھی۔

بعد ازاں کوک اسٹوڈیو کے لیے دونوں کے گانے چل دیے، کیا خیال ہے اور لے لی جان خوب مشہور ہوئے تھے۔

گانے گانے کے ساتھ ساتھ ہانیہ اسلم نے کئی فلموں اور ڈراموں کے ٹائٹل ٹریکس بھی کمپوز کیے ہیں جن میں ڈرامہ سیریل دام، فلم دوبارہ پھر سے اور لالا بیگم شامل ہیں۔