ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے دی

  • پاکستانی اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی کی بالنگ کے سامنے انگلش بلے باز بے بس نظر آئے۔
  • نعمان علی نے آٹھ جب کہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
  • جو روٹ، اولی پاپ، ہیری بروک اور کپتان بین اسٹوک پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس کر وکٹیں گنوا بیٹھے۔

ویب ڈیسک پاکستان کرکٹ ٹیم نے ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کو 152 رنز سے شکست دے دی ہے جس کے بعد تین میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

ملتان ٹیسٹ میں انگلش ٹیم 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مشکلات سے دوچار رہی اور 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

واضح رہے کہ سال 2021 کے بعد پاکستان ٹیم کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں یہ پہلی کامیابی ہے۔

جمعے کو میچ کے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز سے نامکمل اننگز آگے بڑھائی۔ اس موقع پر جو روٹ 12 اور اولی پاپ 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے باز جلد ہی پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس گئے۔ مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ اولی پاپ ساجد خان کی گیند پر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے جس کے بعد روٹ بھی تین اوورز بعد نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

روٹ اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ پر ہیری بروک اور کپتان بین اسٹوک نے مزاحمت کی کوشش کی۔ ان دونوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ بروک بھی نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، وہ 16 رنز ہی بنا سکے۔

انگلینڈ کی پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھا اور دونوں اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی اپنی گھومتی گیندوں سے بلے بازوں کو پریشان کرتے رہے۔

انگلینڈ کا مجموعی اسکور 88 تک پہنچا تو اسے جمی اسمتھ کی صورت میں چھٹے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد مزاحمت کرنے والے انگلش کپتان بین اسٹوک بھی 125 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی آٹھ اور ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 366 اور دوسری میں 221 رنز بنائے تھے جب کہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا سکی تھی۔