ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ، 'بی ٹی ایس' گروپ اور لیڈی گاگا کے نام

جنوبی کوریا کے پاپ گروپ 'بی ٹی ایس' نے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز میں چار ایوارڈز اپنے نام کر کے میلہ لوٹ لیا۔ لیڈی گاگا کو بہترین فنکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق بی ٹی ایس بہترین گروپ اور ان کا گانا 'ڈائنامائٹ' ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ بی ٹی ایس کو بہترین فینز اور بہترین ورچوئل لاییو کنسرٹ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

میوزک کی دنیا کے اہم ایوارڈز سمجھے جانے والے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز کی شام اتوار کو سجی جس میں ایلیسیا کیز، سیم اسمتھ اور ڈوجا کیٹ کی پرفارمنسز نے چار چاند لگا دیے۔ ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی گرل گروپ لٹل مکس نے کی۔

کرونا وبا کی وجہ سے ایوارڈ کی تقریب دیگر کئی تقاریب کی طرح ورچوئل یعنی آن لائن ہوئی۔

ایوارڈ شو کی تقریب کو لندن، ہنگری، بودا پیسٹ سمیت مختلف مقامات سے نشر کیا گیا۔ تقریب کے دوران کئی فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔

جن دیگر کیٹیگریز میں مختلف فن کاروں کو ایوارڈز دیے گئے ہیں ان کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔

لیڈی گاگا (فائل فوٹو)

لیڈی گاگا ایوارڈز کی نامزدگیوں میں سرِفہرست تھیں۔ انہوں نے جسٹن بیبر، ملی سائرس، دعا لیپا اور ہیری اسٹائل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بہترین فنکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

گاگا بہترین ویڈیو کا ایوارڈ نہ جیت سکیں۔ امریکی فن کار ڈی جے خالد کی پوپ اسٹار ویڈیو کو بہترین ویڈیو کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بہترین نئی اداکارہ ایوارڈ ڈوجا کیٹ کو دیا گیا۔

کار ڈی بی بہترین ہپ ہاپ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ کولڈ پلے کو بہترین راک، لٹل مکس کو بہترین پاپ، ہیلی ولیمز کو بہترین آلرٹرنیٹیوو کے ایوارڈز دیے گئے۔